سرگودھا(شکیل خان سے)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان تحصیل ساہی وال پہنچے جہاں انہوں نے رکن قومی اسمبلی سردار مقداد علی خان سے ان کے والد اور سابق ایم این اے سردار شفقت حیات خان کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا۔ اس موقع پر مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور بیرسٹر گوہر علی خان نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔اس موقع پر سابق ایم پی اے سردار غلام علی اصغر لاہڑی، سابق چیئرمین بلدیہ سردار ضیغم حسن خان سمیت پاکستان تحریک انصاف کے مقامی عہدیداران، کارکنان اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا۔بعد ازاں بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کے پاس پیٹرول کا مناسب ذخیرہ موجود تھا تو قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا اور اس کا براہِ راست بوجھ عوام پر پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے مسلسل طوفان نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جبکہ بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام کے لیے مزید مشکلات کا باعث بنے گا۔بیرسٹر گوہر علی خان نے دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے مؤقف کو دو ٹوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو سر چھپانے کی کوئی جگہ نہیں ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کا قیام ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ
47 پی ٹی آئی رہنماؤں کو دی جانے والی سزائیں درست نہیں اور اس معاملے میں مکمل شفاف انکوائری نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام معاملات کو شفاف انداز میں دیکھا جائے۔بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور پارٹی قیادت عمران خان کی رہنمائی میں عوامی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی اور سیاسی مشکلات کا واحد حل شفاف انتخابات اور عوامی مینڈیٹ کا احترام ہے۔
