سرگودھا ( شکیل خان سے ) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر تمام سرکاری و نیم سرکاری اداروں کو سکیورٹی کے حوالے سے ہائی الرٹ رہنے اور حساس تنصیبات کی سکیورٹی فول پروف بنانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہ ہدایات سکیورٹی کے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں یونیورسٹی آف سرگودھا، سوئی گیس،فیسکو، ریلوے، کالجز، سکول ایجوکیشن ، سرگودھا میڈیکل کالج، نادرا، پی ٹی سی ایل اور ہیلتھ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان و دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں شریک افسران نے اپنے اپنے اداروں میں کیے گئے داخلی سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر سرگودھا نے ہدایت کی کہ تمام اداروں میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے مکمل طور پر فعال ہوں اور انہیں سیف سٹی سسٹم کے ساتھ منسلک کیا جائے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی گارڈز کو اسلحہ فراہم کیا جائے، وہ مکمل یونیفارم میں ڈیوٹی انجام دیں اور ان کی باقاعدہ تربیت کو یقینی و سکیورٹی گارڈز کی مکمل ویریفکیشن بھی لازمی کروائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تمام اداروں، ہسپتالوں اور دیگر اہم مقامات پر چوبیس گھنٹے سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ سکولوں اور کالجوں میں داخلی و خارجی راستوں کو محدود کر کے ایک مرکزی گیٹ کے ذریعے آمد و رفت کو یقینی بنایا جائے اور سکیورٹی چیکنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ کمشنر نے سرکاری ہسپتالوں کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں کم از کم 10 جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 30 بستروں کو ریزرو رکھا جائے۔ کمشنر سرگودھا نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے کر انہیں سو فیصد مؤثر بنائیں اور سکیورٹی معاملات کی نگرانی کے لیے فوکل پرسنز بھی مقرر کریں۔

Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.