سرگودھا(شکیل خان سے)جمعہ الوداع کے موقع پر یومِ القدس کے حوالے سے ایک ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ریلی کا آغاز مرکزی امام بارگاہ قصرِ حسین سے ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی لاری اڈا ساہی وال پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی کے شرکا نے فلسطین اور ایران کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا اور ایران پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کی۔ اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی گئی۔شرکا نے فلسطینی اور ایرانی عوام پر جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کیا اور ایران کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ریلی میں ایران کے شہید رہبرِ معظم سید علی خامنہ ای کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایران اور فلسطین کے خلاف جارحیت ناقابلِ قبول ہے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر خطے میں امن کے قیام کے لیے کردار ادا کرے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اظہر حسن خان، مولانا حسنین خان، مولانا اسد رضا خان اور دیگر علمائے کرام نے کہا کہ یومِ القدس امتِ مسلمہ کے اتحاد اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام پر جاری مظالم انسانیت کے خلاف جرم ہیں جبکہ ایران پر ہونے والے حملے بھی خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مسلمان ممالک کو چاہیے کہ وہ فلسطین اور ایران کے معاملے پر متحد ہو کر مظلوم عوام کی آواز بنیں۔

Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.