ٹیکسلا (عمیر بھٹی سے) ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان (آر یو جے) کے زیرِ اہتمام تحصیل ٹیکسلا کی حلف برداری کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی،جس میں نومنتخب عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔
نومنتخب عہدیداران میں چیئرمین ملک محمد امین،وائس چیئرمین ملک مدثر اقبال، صدر کامران اشرف اعوان، سینئر نائب صدر چوہدری عبدالصبور، نائب صدر سید عمیر علی صابر، جنرل سیکرٹری شفقت زمان اعوان، جوائنٹ سیکرٹری حسن چوہدری، فنانس سیکرٹری ڈاکٹر حافظ محمد رمضان اور انفارمیشن سیکرٹری ثاقب علی شامل ہیں۔
تقریب کی صدارت معروف کالم نگار محمد توفیق اعوان نے کی جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی مرکزی جنرل سیکرٹری عابد حسین مغل اور مرکزی انفارمیشن سیکرٹری سید شہزاد نقوی تھے۔ نظامت کے فرائض جوائنٹ سیکرٹری شمالی پنجاب عطاءالرحمان چوہدری نے ادا کیے۔
تقریب میں سینئر صحافی سید مشتاق نقوی، مقصود خان، سید عبید صابر، ٹیکسلا پریس کلب نگران صدر حسن علی طاہر، السید ہسپتال احاطہ ٹیکسلا کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سید اسد علی و دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب سے عابد حسین مغل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان کا مقصد علاقائی صحافیوں کے حقوق کا تحفظ اور مثبت صحافت کا فروغ ہے۔ تحصیل ٹیکسلا میں تنظیم سازی ایک خوش آئند اقدام ہے جو صحافیوں کے اتحاد اور پیشہ ورانہ یکجہتی کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 نومبر کو پشاور سے کراچی تک تاریخی ٹرین مارچ کا انعقاد اسی مقصد کے تحت کیا جا رہا ہے تاکہ ملک بھر کے صحافیوں کے اتحاد اور ان کے حقیقی مسائل کو اجاگر کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مارچ کسی ادارے کے خلاف نہیں بلکہ پاکستانی صحافت کے وقار، سچائی اور اتحاد کی علامت ہوگا،انہوں نے مزید کہا کہ میں صدر کامران اشرف اعوان اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے تنظیم کو منظم، فعال اور صحافیوں کی نمائندہ آواز کے طور پر مستحکم کیا۔
محمد توفیق اعوان نے کہا کہ آج کا دن تحصیل ٹیکسلا کے صحافیوں کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، یہ تنظیم مقامی سطح پر صحافت کے معیار کو مزید بلند کرے گی۔
عطاءالرحمان چوہدری نے کہا کہ علاقائی صحافیوں کے حقوق کا تحفظ اور مسائل کے حل کے ساتھ مثبت صحافت کو فروغ دینا ہمارا اولین مقصد ہے۔
ڈائریکٹر السید ہسپتال احاطہ ڈاکٹر سید اسد علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میڈیا معاشرے کی اصلاح اور آگاہی کا طاقتور ذریعہ ہے اور آر یو جے جیسی تنظیمیں اس مشن کو مستحکم کر رہی ہیں۔
ملک محمد امین نے کہا کہ ہم سب متحد ہو کر ذمہ دار اور مثبت صحافت کو فروغ دیں گے تاکہ عوام کے اعتماد کو مضبوط کیا جا سکے۔
سید شہزاد نقوی نے کہا کہ ٹیکسلا کے صحافیوں نے جو نظم و ضبط دکھایا ہے وہ آر یو جے کی ساکھ میں اضافہ کرے گا۔
سینئر صحافی سید مشتاق نقوی نے کہا کہ یہ تقریب اس بات کا ثبوت ہے کہ صحافت اب عوام کی خدمت اور معاشرتی ذمہ داری کا مظہر بن چکی ہے۔
حسن علی طاہر نے کہا کہ یونین کا یہ اقدام مقامی صحافت کی ترقی اور اتحاد کی علامت ہے۔
مقصود خان نے کہا کہ منظم صحافی معاشرے کی آنکھ ہیں اور ان کی جدوجہد جمہوری استحکام کی ضامن ہے۔
رفاقت علی اعوان نے کہا کہ آر یو جے نے علاقائی صحافیوں کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کر کے قابلِ تقلید مثال قائم کی ہے۔
صدر کامران اشرف اعوان نے کہا کہ آر یو جے کا مقصد کسی ادارے کے خلاف محاذ آرائی نہیں بلکہ مثبت، تحقیقی اور ذمہ دار صحافت کو فروغ دینا ہے اور ہر رکن اپنی ذمہ داریاں بخوبی ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم علاقائی صحافیوں کے مسائل کے حل،تربیت اور ان کے تحفظ کے لیے مستقل اور مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر عبدالصبور چوہدری، سید عمیر علی صابر، شفقت زمان اعوان، ملک مدثر اقبال، ڈاکٹر حافظ محمد رمضان، ثاقب علی و دیگر نے تنظیم کی کاوشوں کو سراہا اور مرکزی جنرل سیکرٹری عابد حسین مغل کا شکریہ ادا کیا۔
