روات پولیس پر کار چوروں کی فائرنگ، دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

روات میں پولیس پارٹی پر فائرنگ، دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، مسروقہ کار و اسلحہ برآمد

راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ) تھانہ روات کے علاقہ میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور پولیس پارٹی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ کار سوار چار افراد نے پولیس کے رکنے کے اشارے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، جبکہ دیگر دو موقع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش کے لیے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ڈیڑھ ماہ قبل روات کے علاقہ سے چوری شدہ کار اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ فائرنگ کے دوران کانسٹیبل مدثر رشید کو چھاتی پر گولی لگی تاہم وہ بلٹ پروف جیکٹ کی بدولت محفوظ رہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ زخمی ملزمان کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

راولپنڈی کے سی پی او سید خالد ہمدانی نے بہادری سے مقابلہ کرنے اور مسروقہ گاڑی کی برآمدگی پر ایس ایس پی کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ، ایس پی صدر، سی سی ڈی اور روات پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں