روات ماربل یونین کی حلف برداری تقریب،وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نےحلف لیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)روات ماربل یونین کی حلف برداری کی شاندار تقریب مقامی شادی ہال میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف اور چیئرمین آل پاکستان ماربل انڈسٹری ایسوسی ایشن محمد بلال خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ماربل یونین کے سرپرست اعلیٰ عامر زیبر، صدر شہزادہ محمد بشیر، نائب صدر عبدالستار، جنرل سیکرٹری محمد مدنی، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری راجہ خلیل احمد، سیکرٹری فنانس سید ظہور باچا اور سیکرٹری اطلاعات ملک منظور اعوان سمیت گورننگ باڈی کے دیگر عہدیداران نے حلف اٹھایا۔

تقریب میں روات اور اس کے گرد و نما میں قائم سینکڑوں ماربل فیکٹری اور ماربل شورومز کے مالکان سمیت ماربل انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ماربل یونین روات شہزادہ بشیر نے گزشتہ برسوں کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یونین کے قیام کو کئی سال بیت چکے ہیں، اس دوران نشیب و فراز آئے لیکن عہدیداران نے ثابت قدمی سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ انہوں نے روات ماربل یونین کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ماربل انڈسٹری کو کئی سنگین مسائل کا سامنا ہے جن کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔


انہوں نے انڈسٹری کو درپیش مسائل کے بارے میں وفاقی وزیر مذہبی امور کو اگاہ کیااس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ ماربل انڈسٹری پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ماربل انڈسٹری کو مستقل زون میں شامل کرنے اور ایکسل لوڈ کے مسئلے کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے بات کی جائے گی تاکہ کاروباری طبقہ سکون اور سہولت کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے سکے۔

چیئرمین آل پاکستان ماربل ایسوسی ایشن محمد بلال خان نے بھی نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ماربل انڈسٹری پاکستان کی تعمیر و ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کے ساتھ مل کر انڈسٹری کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔تقریب میں شریک تاجران اور ماربل برادری کے افراد نے اتحاد و اتفاق برقرار رکھنے اور انڈسٹری کی مضبوطی کے لیے مل جل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔