روات :فیڈ مل میں بوائلر کی پائپ لائن پھٹنے سے آگ، دو افراد جھلس کر زخمی

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) مرکز فیڈ مل، روات نزد ساگری موڑ جی ٹی روڈ پر بوائلر کی پائپ لائن میں پریشر زیادہ ہونے کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں دو افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی 7 گاڑیاں موقع پر پہنچیں جن میں 2 ایمبولینسز، 4 فائرفائٹنگ گاڑیاں اور ایک ریسکیو وہیکل شامل تھی۔ فائرفائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے۔

زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔

زخمیوں کی شناخت 15 سالہ صدام ولد حمید گل اور 22 سالہ عبدالرحیم ولد مثال بچہ کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کی کمر، ہاتھوں اور ٹانگوں پر سطحی جلنے کے زخم آئے ہیں اور دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔