گوجر خان کی رہائشی خاتون مسماۃ( اب ) نے تھانہ روات میں دی جانے والی درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ انہیں مبینہ طور پر اغواء کر کے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سائلہ اور ان کی والدہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے شاہد سلیم نامی شخص کے گھر کام کاج کرتی تھیں، جو کہ برطانیہ میں مقیم ہے اور سال میں دو مرتبہ پاکستان آتا ہے۔سائلہ کے مطابق ایک سال قبل بھی شاہد سلیم نے اس کے ساتھ زبردستی زیادتی کی تھی۔ دو روز قبل شاہد سلیم نے شاپنگ کے بہانے سائلہ کو بحریہ ٹاؤن بلایا اور گلی گاؤں کے علاقے سے گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم مقام پر لے گیا۔ سائلہ کے مطابق اسے نجی ہاوسنگ سوسائٹی کے آخری حصے میں واقع ایک ویران مکان پر لے جایا گیا جہاں پہلے شاہد سلیم نے مبینہ طور پر اسے زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا،بعد ازاں رضوان نامی شخص نے بھی زیادتی کی ، جبکہ تیسرے شخص نے بھی زیادتی کی۔ سائلہ کے مطابق تینوں ملزمان نے اسے اغواء کر کے زبردستی حرام کاری کی۔پولیس نے واقعہ کی درخواست موصول ہونے پر معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔