راولپنڈی ( نمائندہ خصوصی) راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے متاثرین نے زمینوں کا معاوضہ نہ ملنے پر کمشنر آفس کے باہر شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ منصوبہ آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، لیکن اب تک زمین مالکان کو ان کا قانونی حق یعنی معاوضہ ادا نہیں کیا گیا۔
مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر 15 دن کے اندر اندر ادائیگی نہ کی گئی تو وہ جی ٹی روڈ کو بند کر دیں گے۔ احتجاجی شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ زمینیں ان کے آباؤ اجداد کی ملکیت ہیں، کسی کی ذاتی جاگیر نہیں۔ “ہم بھیک نہیں مانگ رہے، ہمارا حق مانگ رہے ہیں”، ایک مظاہر نے نعرہ لگایا۔
مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ رنگ روڈ منصوبے کے باعث وہ در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو چکے ہیں، اور کمشنر راولپنڈی غریب عوام کی سننے کو تیار نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جس کا جتنا حصہ بنتا ہے، اسے اسی تناسب سے فوری معاوضہ دیا جائے۔
متاثرین نے حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے معاوضوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں، ورنہ احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کر دیا جائے گا۔