پنجاب حکومت نے راولپنڈی رنگ روڈ (RRR) پراجیکٹ کے دونوں جانب 500 میٹر نئے اقتصادی زونز، میڈیکل سٹی، سیاحتی مقامات، ہول سیل مارکیٹس اور ٹرک ٹرمینل کے لیے مختص کرنے کی تجویز پیش کی ہے- راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (RDA) کے کانفرنس روم میں ایک خصوصی اجلاس جس کی صدارت RDA کی ڈائریکٹر جنرل کنزہ مرتضیٰ نے کی- اجلاس میں منصوبے کے لیئے زمین کے استعمال کی جامع منصوبہ بندی پر توجہ مرکوز کی گئی-
حکام نے راولپنڈی میں رش کم کرنے اور اقتصادی زونز، میڈیکل سٹی، ٹورازم سٹی، ایکسپو سینٹر، ڈرائی پورٹ، انڈسٹریل زونز، ٹرانسپورٹ ٹرمینلز، ہول سیل مارکیٹس، ایگرو فاریسٹ پارک، جنرل بس اسٹینڈ، فروٹ اینڈ سبزی منڈی، غلہ منڈی، اناج منڈی اور دیگر مخصوص اراضی کے ساتھ راولپنڈی رنگ روڈ کوریڈور استعمال کرنے کے لیئے ایک جامع فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا-
کنزہ مرتضیٰ نے راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کے تبدیلی کے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوۓ کہا کہ یہ اقدام راولپنڈی اور اسلام آباد میں ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرے گا جبکہ رہائشیوں کو صاف، صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کرے گا- انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے علاقائی معیشت کو فروغ ملے گا، نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی اور شہری سہولیات میں بھی بہتری آئے گی-
کنزہ مرتضیٰ نے یقین دلایا کہ تعمیراتی کام جلد مکمل کر لیا جائے گا اور طویل مدتی اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیئے پائیدار اور مربوط شہری منصوبہ بندی ناگزیر ہے- انہوں نے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے کی جزیات کا مزید مطالعہ کریں اور مہینے کے آخر تک تفصیلی سفارشات پیش کریں-