رحیم یار خان میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران خطرناک ملزم ’طیفی بٹ‘ ہلاک

رحیم یار خان کے علاقے کوٹ سبزل، صادق آباد میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک خطرناک ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ ہلاک ہو گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق، طیفی بٹ کو کاؤنٹر کرائم ڈیپارٹمنٹ (CCD) لاہور کی ٹیم لاہور منتقل کر رہی تھی، جب راستے میں دو گاڑیوں میں سوار نامعلوم حملہ آوروں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل نور زخمی ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم طیفی بٹ کو حملہ آور زبردستی اپنے ساتھ لے گئے، جو اس وقت بھی ہتھکڑیوں میں تھا۔ تاہم، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ کے دوران طیفی بٹ اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گیا۔

ملزم کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے چکی ہے۔