100

راولپنڈی: 13 سیٹوں پر 70 ہزار کی لیڈ کو شکست میں بدلا،کمشنر لیاقت چٹھہ کا اعتراف

راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ)کمشنر راولپنڈی نے الیکشن میں دھاندلی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انتخابی بے ضابطگیوں پر مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 8 فروری کی شب راولپنڈی سے 13 لوگوں کو جتوایا اور ہارے ہوئے امیدواروں کو پچاس پچاس ہزار کی لیڈ میں تبدیل کیا، میں نے راولپنڈی ڈویژن میں نا انصافی کی ہے، پریشر کی وجہ سے آج صبح فجر کی نماز کے بعد خودکشی کرنے کی کوشش کی،پھر سوچا حرام کی موت کیوں مروں، کیوں نا سب کچھ عوام کے سامنے رکھوں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ کمشنر راولپنڈی نے انتخابات میں دھاندلی سے متعلق جھوٹ بولا ہے میں ان کے الزامات کی تردید کرتا ہوں۔ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا کہ میری کمشنر راولپنڈی سے انتخابات کے معاملے پر کبھی کوئی گفتگو نہیں ہوئی انہوں نے میرا نام لے کر جھوٹ بولا ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کمشنر راولپنڈی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر یا الیکشن کمیشن پر لگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہے اور الیکشن کمیشن کے کسی عہدے دار نے الیکشن نتائج کی تبدیلی کے لیے کمشنر راولپنڈی کو کبھی بھی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔سکندر سلطان راجا نے مزید کہا کہ کسی بھی ڈویژن کا کمشنر نہ تو ڈی آر او، آر او یا پریذائیڈنگ آفیسر ہوتا ہے اور نہ ہی الیکشن کے کنڈکٹ میں اس کا کوئی براہ راست کردار ہوتا ہے تاہم الیکشن کمیشن اس معاملے کی جلد از جلد انکوائری کروائے گا۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں