راولپنڈی ۔ طوفانی بارش و ژالہ باری، گندم کی فصل تباہ ،کسانوں پر قیامت ٹوٹ پڑی

راولپنڈی کے مضافاتی  علاقہ نڑالی اور اس کے گردونواح میں حالیہ شدید بارش اور ژالہ باری نے کھڑی گندم کی فصل کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ کسانوں کے مطابق فصل کٹائی کے بالکل قریب تھی، مگر اچانک آنے والی آفت نے ساری محنت پر پانی پھیر دیا

شدید ژالہ باری کے باعث گندم کے خوشوں سے دانے جھڑ گئے جبکہ بڑی تعداد میں فصل زمین کے ساتھ لیٹ گئی، جس سے نہ صرف پیداوار میں نمایاں کمی کا خدشہ ہے بلکہ کئی کھیت مکمل طور پر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں

متاثرہ کسان شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں ان کا کہنا ہے کہ سال بھر کی محنت، قرضے اور امیدیں ایک ہی لمحے میں خاک میں مل گئیں۔ اب نہ فصل بچی اور نہ ہی اخراجات پورے ہونے کی کوئی صورت نظر آتی ہے

عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ نڑالی اور ملحقہ علاقوں کو فوری طور پر آفت زدہ قرار دیا جائے، تاکہ متاثرہ کسانوں کو مالی امداد، ریلیف پیکج اور نقصانات کا ازالہ فراہم کیا جا سکے

کیا حکام اس قدرتی آفت کے بعد متاثرہ کسانوں کی داد رسی کریں گے یا انہیں اپنے حال پر چھوڑ دیا جائے گا

علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے فوری سروے، امدادی اقدامات اور کسانوں کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کرنے کی اپیل کی ہے، تاکہ اس بڑے نقصان کا کچھ ازالہ ممکن ہو سکے