راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ ) راولپنڈی کے علاقے گرجا روڈ پر افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گلی میں دورانِ کام لوہے کی سیڑھی بجلی کی تاروں سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں تین افراد کو شدید کرنٹ لگا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور تمام متاثرین کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دو افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب گلی میں کام کرنے والے افراد لوہے کی سیڑھی کا استعمال کر رہے تھے جو حادثاتی طور پر اوپر سے گزرنے والی بجلی کی ہائی وولٹیج تاروں سے ٹکرا گئی۔
ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مزید نقصان سے بچاؤ ممکن بنایا۔ پولیس اور متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔