راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کمشنر راولپنڈی گلزار حسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق زرعی زمین اور سرسبز قطعات اراضی کا تحفظ پنجاب لینڈ رولز 2020کے تحت یقینی بنایا گیا ہے جس کی بدولت زراعت اور جنگلات کیلئے مختص زمین پر اربن ڈویلپمنٹ کو کنٹرول کرکے محفوظ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے ماسٹر پلان پر ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائیگا جس کیلئے کمشنر آفس میں سٹریٹیجک پلاننگ یونٹ قائم کیا جائیگا اور یہی یونٹ راولپنڈی میں میگا پراجیکٹس میں وفاقی اور صوبائی قوانین پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لے گا۔یہ باتیں انہوں نے کمشنر آفس میں پنجاب لینڈ رولز 2020 کے تحت ماسٹر پلاننگ اور اربن ڈویلپمنٹ کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔کمشنر گلزار حسین شاہ نے کہا کہ بے ہنگم اربن گروتھ کی وجہ سے ہمارے دیہات بھی شہروں میں تبدیل ہو چکے ہیں جو کئی ماحولیاتی مسائل کا باعث ہے اور اس عمل کو روکنے کیلئے حکومتی پالیسی کے تحت لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی زمینوں پر گھروں کی تعمیر کے عمل کی قانون کے تحت حوصلہ شکنی کرکے شہری حدود میں عمودی تعمیرات کو پروان چڑھایا جائیگا اور اس سسٹم کیلئے شہر میں ٹریفک، سیورج اور واٹر سپلائی سسٹم کو جدید انداز سے پروان چڑھایا جائیگا۔ کمشنر گلزار حسین شاہ نے کہا کہ راولپنڈی میں گزشتہ آٹھ سالوں کے دوران آبادی میں اضافہ کا باقاعدہ تجزیہ کیا جائے جو کہ مستقبل میں اربن ڈویلپمنٹ حکمت عملی کیلئے مددگار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی تحصل کی سائیٹ ڈویلپمنٹ زونز بنائے جائیں گے اور شہری حدود کا تعین کرکے باقاعدہ اربن ڈویلپمنٹ پلاننگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی اربن ڈویلپمنٹ کے عمل راولپنڈی میٹرو پولیٹن کارپوریشن، راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی، لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور راولپنڈی اور چکلالہ کینٹ بورڈز میں قریبی تعاون انتہائی ناگزیر ہے-