راولپنڈی (حماد چوہدری)راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی میں الخدمت فاؤنڈیشن، ایدھی فاؤنڈیشن اور چھیپا ایمبولینس سروسز کا کردار کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ ان فلاحی اداروں کی ایمبولینسز نہ صرف ایمرجنسی حالات میں مریضوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرتی ہیں بلکہ اکثر و بیشتر غریب اور مستحق مریضوں کو مفت سروس بھی فراہم کرتی ہیں۔
عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ راولپنڈی کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ان مستند ایمبولینس سروسز کو “پرچی فیس” کے روایتی طریقہ کار سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ مریضوں کی جلد منتقلی اور ہسپتال انتظامیہ کے تعاون کے جذبہ کو مدِنظر رکھتے ہوئے ضروری ہے کہ ان ایمبولینسز کو ہسپتالوں کے داخلی و خارجی راستوں پر بلا تاخیر اجازت دی جائے اور انہیں ان آؤٹ پرچی کے نظام سے آزاد کیا جائے۔
عوامی حلقوں کا مؤقف ہے کہ جب مریض کی جان بچانے کی جنگ لڑی جا رہی ہو تو ان ایمبولینسز کو ہسپتال کے گیٹ پر غیر ضروری تاخیر یا فیس کے جھمیلوں میں نہ الجھایا جائے۔ اس حوالے سے راولپنڈی کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس (ایم ایس) صاحبان سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس انسانی ہمدردی کے مسئلہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے الخدمت، ایدھی اور چھیپا ایمبولینس سروسز کو بغیر پرچی داخلہ و اخراج کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کریں
۔مزید برآں، ہسپتالوں کے داخلی و خارجی راستوں پر واضح نوٹس بورڈز آویزاں کیے جائیں تاکہ سیکیورٹی عملہ اور ایمبولینس ڈرائیورز کو کسی قسم کی الجھن کا سامنا نہ کرنا پڑے۔یہ اقدام نہ صرف انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہوگا بلکہ مریضوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے مشن میں ہسپتال انتظامیہ کی سنجیدگی کا مظہر بھی ثابت ہوگا۔