راولپنڈی کے تھانوں میں خواتین و بچوں کیلئے تحفظ سنٹرز بنانے کا فیصلہ

راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کےمطابق خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے راولپنڈی ریجن کے پانچوں اضلاع کے ہر تھانہ میں فوری طور پر ویمن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز قائم کرنے کے احکامات جاری کر دئیے، یہ سینٹرز راولپنڈی ریجن کے تمام تھانہ جات میں قائم کیے جا رہے ہیں

اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویمن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز کے قیام کا مقصد متاثرہ خواتین اور بچوں کو مقدمے کے اندراج، قانونی رہنمائی اور خاندانی تنازعات میں مشاورت کی سہولت فراہم کرنا ہے،ان سینٹرز پر خواتین و بچوں کو تھانوں میں محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کیا جائے گا، تھانہ کی سطح پر قائم سینٹرز میں خاتون پولیس افسر کو تعینات کیا جائے گا جو صرف خواتین و بچوں کے متعلق کیس کی تفتیش کریں گی۔

آر پی او نے مزید کہا کہ ویمن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز متبادل تنازعاتی حل کا پلیٹ فارم بھی ہوں گے جہاں فریقین کے درمیان مفاہمت کے ذریعے مسائل کو پرامن طور پر حل کیا جائے گا، یہ مراکز متعلقہ ایس ڈی پی اوز کی براہ راست نگرانی میں کام کریں گے، جبکہ روز مرہ کی کارکردگی کی ذمہ داری مراکز پر تعینات خاتون افسر پر ہو گی، یہ اقدام نہ صرف خواتین اور بچوں کے تحفظ کی جانب ایک عملی قدم ہے بلکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد سازی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں