راولپنڈی کینٹ بورڈ کی غفلت: ساجد بخاری روڈ پر نالے کے پل پر حفاظتی گرلز نہ ہونے سے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں

رپورٹ: یاسر فاروق عثمان

راولپنڈی( نمائندہ خصوصی) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی مبینہ غفلت شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ ساجد بخاری روڈ پر واقع کامرہ سروس اسٹیشن کے قریب نالے پر تعمیر شدہ پل پر حفاظتی گرلز کی عدم موجودگی سے شہریوں کی جانیں شدید خطرے سے دوچار ہو چکی ہیں۔ پل کے دونوں اطراف کسی قسم کی سیفٹی ریلنگ یا حفاظتی جنگلہ نصب نہیں کیا گیا، جس کے باعث نہ صرف گاڑیاں بلکہ راہگیر بھی نالے میں گرنے کے خدشے کا شکار ہیں۔

علاقہ مکینوں کے مطابق مذکورہ پل پر ٹریفک کا بہاؤ مسلسل جاری رہتا ہے اور رات کے وقت روشنی کا مناسب انتظام بھی نہیں، جس کی وجہ سے حادثات کے امکانات کئی گنا بڑھ چکے ہیں۔ چند روز قبل ایک موٹر سائیکل سوار توازن برقرار نہ رکھ سکا اور پل کے کنارے سے پھسلتے پھسلتے بچا۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ بارہا متعلقہ حکام کو اس مسئلے کی جانب متوجہ کیا گیا، مگر تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

شہریوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر کینٹ بورڈ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پل کے دونوں اطراف مضبوط حفاظتی گرلز نصب کی جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک چھوٹی سی غفلت کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے، جس کی ذمہ داری براہِ راست متعلقہ ادارے پر عائد ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں