راولپنڈی میں وکلا کے خلاف مقدمہ، پولیس کو دھمکانے اور سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل کرنے کا الزام

راولپنڈی – تھانہ کینٹ میں پیکا ایکٹ کے تحت 10 سے 15 وکلاء کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ ٹریفک پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں وکلا پر پولیس اہلکار سے بدتمیزی، سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے الزامات شامل ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹریفک وارڈن نے ایک وکیل کو ہیلمٹ نہ پہننے پر روکا اور چالان کرتے ہوئے موٹرسائیکل ضبط کرلی، کیونکہ وکیل کے پاس کاغذات بھی موجود نہیں تھے۔ اس پر وکیل نے فون کر کے اپنے 10 سے 15 ساتھی وکلاء کو موقع پر بلا لیا۔

پولیس کے مطابق موقع پر پہنچنے والے وکلاء نے وارڈن سے تلخ کلامی کی، سنگین دھمکیاں دیں اور پھر پورے واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی، جس کا مقصد پولیس کو بدنام کرنا تھا۔

ذرائع کے مطابق واقعہ کے بعد ٹریفک پولیس نے متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا جس میں سائبر کرائم کے تحت دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں