راولپنڈی میں خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

راولپنڈی (بہرام خان، نمائندہ پنڈی پوسٹ)
خاتون کو ہراساں کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو سخت کارروائی کی ہدایت جاری کی۔

پولیس ترجمان کے مطابق، تھانہ سٹی پولیس نے سی پی او کی ہدایت پر اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان تیار کیا جا رہا ہے تاکہ عدالت سے قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے، اور قانون سب کے لیے برابر ہے — ملزم کوئی بھی ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواتین کے تحفظ اور باعزت معاشرے کے قیام کے لیے ایسے جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔