راولپنڈی مال روڈ انڈر پاس افتتاح کے 22 دن بعد ہی مین ہولز کے ڈھکن غائب۔ شہریوں کی جانوں کو شدید خطرات لاحق

راولپنڈی کینٹ(نمائندہ خصوصی ) نیا تعمیر شدہ مال روڈ انڈر پاس، جہاں سے روزانہ ہزاروں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں گزرتی ہیں، ان دنوں انتظامی غفلت کا شکار ہے۔ انڈر پاس کی سڑک  پر پل کے نیچے کے مختلف مقامات پر کم از کم 9 مین ہول کورز غائب پائے گئے ہیں جو ابتدائی تنصیب کے بعد یا تو چوری کر لیے گئے یا جان بوجھ کر نکال دیے گئے، جس سے یہ مصروف ترین شاہراہ حادثات کے شدید خطرے کی زد میں آ چکی ہے۔

بغیر کسی انتباہی علامات یا رکاوٹوں کے اس مصروف ترین شاہراہ پر موجود گہرے مین ہولز کھلے ہونے کی وجہ سے خاص طور پر موٹر سائیکل سواروں کے لیے شدید خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔ اگرچہ تاحال کسی قسم کا حادثہ یا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، تاہم احتیاطی اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت قیمتی جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔ مین ہول کورز کی عدم موجودگی سے تقریباً 4 سے 5 فٹ گہرے سیوریج چیمبرز سڑک کے اطراف کھلے پڑے ہیں۔

شدید بارش یا رات کے وقت یہ کورز نظر نہ آنے کے باعث گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے غیر متوقع خطرات کا باعث بن سکتے ہیں۔ اس کے باوجود راولپنڈی کینٹ بورڈ کی جانب سے تاحال کسی قسم کی مرمت، تنصیب یا حفاظتی رکاوٹ کا کوئی اقدام سامنے نہیں آیا۔ شہری حلقوں نے اس صورتحال کو انتہائی افسوسناک اور خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئی سڑکیں اور انڈر پاسز بنانے سے زیادہ اہم ان کی حفاظت اور پائیداری کو یقینی بنانا ہے۔ اگر اتنے قلیل وقت میں مین ہول کورز غائب ہو جائیں اور کسی کو خبر تک نہ ہو تو یہ صرف چوکیداری کی ناکامی نہیں بلکہ ادارہ جاتی غیر سنجیدگی کا ثبوت ہے۔ مین ہول کورز کی چوری یا کسی بھی وجہ سے انہیں وہاں سے ہٹانا نہ صرف مجرمانہ عمل ہے بلکہ اس سے شہریوں کی جانوں کو شدید خطرات بھی لاحق ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ راولپنڈی کینٹ بورڈ فوری طور پر غائب مین ہول کورز کی تنصیب کو یقینی بنائے، چوری کی تحقیقات کر کے ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور آئندہ کے لیے نگرانی کے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں