راولپنڈی: اینٹی کرپشن راولپنڈی کی ٹیم نے محکمہ تعلیم راولپنڈی کے دفتر پر چھاپہ مار کر سی ای او ایجوکیشن امان اللہ خان کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق امان اللہ خان پر 8 ملین روپے کے سرکاری فنڈز خرد برد کرنے کا الزام ہے۔ یہ فنڈز سرکاری اسکولوں کے لیے نئے فرنیچر اور اسٹیشنری کی خریداری کے لیے جاری کیے گئے تھے۔ تحقیقات کے مطابق سی ای او کے فرنٹ مین نے سامان تو دفتر پہنچا دیا، تاہم فنڈز میں مالی بے ضابطگی کی گئی۔
اینٹی کرپشن حکام نے سی ای او آفس کا تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے۔ مزید یہ کہ امان اللہ خان کے لاہور تبادلے کا نوٹیفکیشن گزشتہ روز منسوخ کر دیا گیا تھا۔
اینٹی کرپشن کی تحقیقات جاری ہیں، اور مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
