راولپنڈی: سابق ایس ایچ او مندرہ مہر گل لودھی سروس سے برطرف، افغان شہری ولی جان سے مبینہ روابط کیس میں بڑی پیش رفت

راولپنڈی/گوجر خان (اسٹاف رپورٹر): تھانہ مندرہ کے سابق ایس ایچ او مہر گل لودھی کو محکمانہ انکوائری کی تکمیل کے بعد سروس سے برطرف کر دیا گیا۔

اس سے قبل جولائی 2025 میں مہر گل لودھی کو افغان شہری ولی جان سے مبینہ ٹیلی فونک رابطوں کے الزام پر معطل کرکے لائن حاضر کیا گیا تھا اور محکمانہ انکوائری شروع ہوئی تھی۔

عدالت نے 1 جولائی 2025 کو افغان باشندہ ولی جان کو غیر قانونی قیام اور سنگین نوعیت کے مقدمات کے تناظر میں ملک بدری (ڈی پورٹ) کا حکم دیا تھا۔ پولیس رپورٹوں میں اس پر دہشت گردی اور دیگر جرائم کے مقدمات درج ہونے کا بھی ذکر ہے۔

محکمانہ حکام کے مطابق برطرفی کا فیصلہ انکوائری میں سامنے آنے والے نکات اور دستیاب ریکارڈ کی روشنی میں کیا گیا۔ البتہ ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ مہر گل لودھی نے ابتدائی مراحل میں الزامات کی تردید کی تھی اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ انہوں نے کسی ملزم کو غیر قانونی سہولت فراہم نہیں کی۔