لاکھوں کی نقدی اور قیمتی موبائل فون لوٹ لئے گئے
راولپنڈی () تھانہ دھمیال کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر دیدہ دلیری کی انتہا پر پہنچ گئے۔ گزشتہ روز صرف ایک گھنٹے کے دوران تین مختلف مقامات پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے وارداتیں کرتے ہوئے لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی موبائل فون لوٹ لئے اور باآسانی فرار ہو گئے، پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔
پہلی واردات شام 4 بج کر 30 منٹ پر مدنی محلہ چک جلال الدین میں ہوئی، جہاں کریانہ دکاندار قیصر نسیم اپنی دکان پر ملازمین کے ساتھ موجود تھا۔ میٹرو کیش اینڈ کیری کی گاڑی سامان دینے آئی ہوئی تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر 30 ہزار روپے نقدی، ایک عدد قیمتی موبائل فون (مالیت 50 ہزار روپے) اور میٹرو سیلز مین سے 10 سے 11 ہزار روپے نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔
دوسری واردات اسی دوران قریشی آباد گرجا روڈ پر واقع یوٹیلٹی سٹور میں پیش آئی، جہاں نوید احمد نامی ملازم نے بتایا کہ دو مسلح ڈاکو اسلحے کی نوک پر دو قیمتی موبائل فون (کل مالیت 80 ہزار روپے) اور 2 لاکھ روپے نقدی چھین کر لے گئے۔
تیسری واردات شاہ جیون کالونی میں موبائل شاپ پر ہوئی، جہاں دکاندار محمد حامد سے ایک لاکھ روپے مالیت کا آئی فون اور 3 لاکھ روپے نقدی لوٹ لی گئی۔
تمام وارداتیں ایک جیسے انداز میں انجام دی گئیں، ملزمان موٹر سائیکل 125 پر سوار تھے اور چہرے ڈھانپے ہوئے تھے۔ علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں گشت بڑھایا جائے اور فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
پولیس کے مطابق تفتیش جاری ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو شناخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔