راولپنڈی ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے لیاقت باغ میں جلسے سے متعلق تحریک انصاف کی درخواست سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر مسترد کردی ہے اس میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے درخواست گزار کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی (ڈی آئی سی) کے اجلاس میں جلسے سے متعلق درخواست کاجائزہ لیا گیا جس میں امن و امان کی صورتحال اور موجودہ سکیورٹی
خدشات پر بھی غور کیا گیا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹس کی روشنی میں کسی بھی بڑے عوامی اجتماع کا انعقاد خطرے سے خالی نہیں اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں انسانی جانوں اور املاک کے نقصان کا خدشہ ہے جبکہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلع میں پہلے ہی دفعہ 144 بھی نافذ ہے لیاقت باغ جیسے حساس مقام پر جلسے کی سکیورٹی کیلئے بڑے پیمانے پر وسائل درکار ہوتے ہیں جبکہ توانائی بحران اور حکومت
کے کفایت شعاری بچت اقدامات میں اتنے وسائل بروئے کار لانا ممکن نہیں ہے ان حالات کے تناظر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ڈی آئی سی کی سفارشات کے تحت جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور درخواست مسترد کی جاتی ہے یاد رہے تحریک انصاف ضلع راولپنڈی کے جنرل سیکریٹری خان عاقل خان نے 9 اپریل کو لیاقت باغ میں جلسے کے لئے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی تھی جبکہ ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر کو قانون کے مطابق درخواست پر فیصلے کی ہدایت کی تھی۔
۔