راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) — این اے 53 کے مختلف علاقوں میں صحت، تعلیم، سڑکوں، پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے منصوبوں کے لیے اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔ چئیرمین ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی راولپنڈی، انجینیئر قمرالاسلام راجہ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ:
خواجہ کارپوریشن تا گورکھپور اڈیالہ روڈ کے بقایا کام کی تکمیل کے لیے 45 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔
گورکھپور تا خصالہ خورد دو رویہ سڑک کے اگلے مرحلے کے لیے دو ارب 30 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔
خواجہ کارپوریشن فلائی اوور کے بعد ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے تلسہ موڑ انڈر پاس کے لیے 1 ارب 70 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
مجاہد ڈیم کے منصوبے کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے 1 ارب 80 کروڑ روپے کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کی تکمیل مالی سال 2026 تک متوقع ہے۔
دریائے سواں کے پانی کو روات و چونترہ کے لیے کارآمد بنانے کی غرض سے فزیبلٹی سٹڈی اور ڈیزائن کے لیے 15 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
چورہ شریف تا ملوکال روڈ کے لیے 2 کروڑ روپے اور ڈھوک بدھال تا سکھو روڈ کے لیے 15 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
ددھوچھہ ڈیم کی تکمیل کے ساتھ ہی واٹر سپلائی شروع کرنے کے لیے ڈیزائن اور پیپر ورک کے لیے 1 کروڑ روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔
موہری غزن، لکھن اور دھمیال کی واٹر سپلائی سکیم کے لیے 6 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
کولیاں حمید تا ملوکال روڈ کے لیے 3 کروڑ روپے، ڈھوک بدھال کی واٹر سپلائی اور گلیات و نکاسی آب کے لیے 7 کروڑ روپے دیے گئے ہیں۔
ملوکال واٹر سپلائی و نکاسی آب کے لیے 2 کروڑ 80 لاکھ روپے اور یوسی دھمیال، موضع جوڑیاں کے لیے 1 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
رنگ روڈ راولپنڈی کے لیے باقی ماندہ تقریباً 9 ارب روپے فوری طور پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انجینیئر قمرالاسلام راجہ نے کہا کہ این اے 53 کے عوام کو سہولت پہنچانے کے لیے تعلیم، صحت، بجلی، گیس، سڑکوں اور پانی کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ آئندہ چند ماہ میں مزید منصوبے، جیسے نئی سڑکیں، سکول، بجلی کے نظام اور زرعی اصلاحات کے منصوبے بھی فائنل کر دیے جائیں گے۔