راولپنڈی نمائندہ خصوصی
اسسٹنٹ کمشنر صدر راولپنڈی کی زیر صدارت تحصیل راولپنڈی کے دیہی علاقوں کے سرکاری سکولوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران ڈپٹی ڈی ای او سیکنڈری ایجوکیشن اور ایریا ایجوکیشن افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سکولوں کی مجموعی کارکردگی طلبہ کی حاضری صفائی اور تعلیمی نظم و ضبط کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام سکولوں میں جعلی انرولمنٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر سکول سربراہ دسمبر میں ہی اس حوالے سے تحریری سرٹیفکیٹ جمع کروانے کا پابند ہوگا۔ انہوں نے بعض سکولوں کے دوروں کے دوران صفائی کی ناقص صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سکولوں کے اندر اور باہر مکمل صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں سکولوں میں گھاس اور جڑی بوٹیوں کی کٹائی فوری طور پر مکمل کرنے جمعہ کے روز چونکہ تعلیمی اوقات پہلے ہی چار گھنٹے ہیں اس لیے طلبہ کو وقفہ نہ دینے کلاسوں کو کسی صورت خالی نہ چھوڑنے اساتذہ کی رخصت کی صورت میں پیریڈز کی بروقت ایڈجسٹمنٹ ایک دن میں ایک سے زائد اساتذہ کو رخصت نہ دینے تمام سکولوں میں وقفہ ایک ہی وقت پر رکھنے اور سردیوں میں طلبہ و اساتذہ کو کلاس روم کے بجائے باہر بیٹھ کر تدریس کرنے پر مکمل پابندی عائد کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اسسٹنٹ کمشنر صدر نے سرمائی تعطیلات کے حوالے سے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ سکول سربراہان اور کلاس فور ملازمین کو اس وقت تک تعطیلات نہیں دی جائیں گی جب تک اضافی فرنیچر کی مرمت مکمل صفائی گھاس کی کٹائی سکول کی بہتری سے متعلق پہلے اور بعد کی تصاویر جعلی انرولمنٹ کے خاتمے اور فنڈز کی کمی کی صورت میں ایس ایم سی اور ڈونرز کے تعاون سے تمام امور مکمل نہ کر لیے جائیں۔
مانیٹرنگ کے حوالے سے بتایا گیا کہ متعلقہ ایریا ایجوکیشن افسران تمام پرائمری اور ایلیمنٹری سکولوں کا دورہ کر کے تفصیلی رپورٹ اور تصاویر جمع کروائیں گے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن اسسٹنٹس بھی سکولوں کے دورے کریں گے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر صدر خود بھی روزانہ کی بنیاد پر تین سے چار سکولوں کے اچانک دورے کریں گے۔
اجلاس میں خبردار کیا گیا کہ جاری کردہ ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ سکول سربراہان اور ذمہ دار عملے کو معطلی یا ملازمت سے برطرفی جیسی سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس حوالے سے فالو اپ اجلاس 26 دسمبر 2025 کو منعقد ہوگا جبکہ تمام ہدایات پر عمل درآمد کی آخری تاریخ بھی 26 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔