راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) مندرہ کے علاقے سے گرفتار افغان شہری ولی جان افغانی کو ملک بدر کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ سینئر سول جج راولپنڈی وقار حسین گوندل نے پولیس کی استدعا پر ولی جان افغانی کی ڈیپورٹیشن کا حکم صادر کیا۔
ولی جان افغانی تھانہ صدر بیرونی میں درج اقدام قتل کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے خلاف راولپنڈی میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ گرفتاری کے وقت پولیس نے اس کے ڈیرے پر چھاپہ مار کر 35 بچوں، 12 خواتین سمیت مجموعی طور پر 49 افغان باشندوں کو بھی حراست میں لیا تھا۔
پولیس کے مطابق ولی جان افغانی کا افغان کارڈ بھی عرصہ قبل منسوخ ہو چکا تھا اور اس کی قانونی حیثیت ختم ہو چکی تھی۔ گزشتہ ہفتے اس کے 42 قریبی رشتہ داروں کو بھی پاکستان سے ملک بدر کیا گیا تھا۔
عدالت نے حکم دیا کہ تمام قانونی ضابطے مکمل کرکے ملزم کو فوری طور پر افغانستان روانہ کیا جائے۔