راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) تھانہ روات کی حدود میں رنگ روڈ پر رات تقریباً ساڑھے بارہ بجے کے قریب ڈکیتی کی کئی وارداتیں سامنے آئیں۔ اطلاعات کے مطابق چھ ڈاکو تین موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر شہریوں کو لوٹتے رہے۔
ڈاکوؤں نے ایک شہری سے موٹر سائیکل (125 ماڈل)، موبائل فون اور نقدی چھین لی۔ واردات کے دوران شہزور گاڑی کو بھی روکنے کی کوشش کی گئی، تاہم ڈرائیور نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی بھگا دی اور ممکنہ نقصان سے بچ گیا۔
متاثرہ شہریوں نے فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کی، لیکن حسب معمول پولیس کی جانب سے بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا اور بروقت کوئی کارروائی عمل میں نہ آ سکی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ رنگ روڈ اور گردونواح میں آئے روز ڈکیتی اور چوری کی وارداتیں عام ہو چکی ہیں، جبکہ پولیس کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان وارداتوں کا نوٹس لیا جائے اور رنگ روڈ پر پولیس گشت کو مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔