راولپنڈی،محکمہ سوئی گیس نے شہری کو 1 کروڑ 23 لاکھ کا بل بھیج دیا

راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ)راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں محکمہ سوئی گیس کی سنگین غفلت یا تکنیکی خرابی نے ایک غریب شہری کو شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ مقامی رہائشی راجہ اللہ دتہ کو سوئی گیس کا ماہانہ بل ایک کروڑ، تئیس لاکھ، انسٹھ ہزار، ایک سو پچاس (12359150) روپے بھیج دیا گیا۔

یہ بل نہ صرف عام شہریوں کی پہنچ سے باہر ہے بلکہ گھریلو صارفین کی تاریخ میں سب سے زیادہ بل مانا جا رہا ہے، جس پر سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

راجہ اللہ دتہ کا کہنا ہے کہ وہ ایک معمولی گھریلو صارف ہیں اور نہ کوئی فیکٹری چلاتے ہیں، نہ ہی کسی کمرشل سرگرمی میں ملوث ہیں۔ اس ہوشربا بل نے انہیں شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔

علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس حکام فوری طور پر اس بل کی تصحیح کریں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کسی اور شہری کو اس قسم کی اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں