راولپنڈی،خاتون ٹک ٹاکر منشیات بیچتے رنگے ہاتھوں گرفتار

تھانہ سٹی پولیس چکوال نے راولپنڈی روڈ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے معروف ٹک ٹاکر عتیقہ نواز المعروف “مرشد” کو منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر لیڈی کانسٹیبل کی موجودگی میں ریڈ کیا گیا جس دوران ملزمہ کو آئس فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں حراست میں لیا گیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 1050 گرام آئس برآمد ہوئی جس پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق عتیقہ نواز ماضی میں بھی اس نوعیت کی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے۔ 24 اگست 2024ء کو محکمہ ایکسائز پشاور نے موٹروے کے قریب کارروائی کے دوران اسے اور اس کے ساتھی حافظ محمد صغیر کو گرفتار کیا تھا اور گاڑی سے ساڑھے 14 کلو چرس برآمد کی تھی۔ ملزمہ اس مقدمے میں ضمانت پر رہا ہو گئی تھی تاہم اس کے خلاف دیگر الزامات بھی سامنے آتے رہے ہیں، جن میں اغوا کا مقدمہ بھی شامل ہے۔