راولپنـڈی حلقہ پی پی 10 میں سیلاب کی صورتحال سنگین، امدادی کارروائیاں جاری

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) — حلقہ پی پی 10 میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد عوام کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کیے گئے ہیں۔

رکنِ صوبائی اسمبلی چوہدری نعیم اعجاز نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کو آگاہ کیا، جس پر وزیر اعلیٰ نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت جاری کی۔ ان احکامات کی روشنی میں سیلاب زدہ علاقوں میں کشتیوں کی فراہمی سمیت ریسکیو اقدامات کا آغاز کر دیا گیا۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں متحرک ہو چکی ہیں، جبکہ جرار کیمپ کی رضاکار ٹیمیں بھی امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں۔ چوہدری نعیم اعجاز خود صبح سویرے اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موقع پر موجود رہے اور امدادی عمل کی نگرانی کرتے رہے۔

متعدد متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید افراد کو نکالنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

اس مشکل گھڑی میں وفاقی وزیر اطلاعات محترمہ مریم اورنگزیب بھی مسلسل چوہدری نعیم اعجاز سے رابطے میں ہیں تاکہ ہر ممکن تعاون کو یقینی بنایا جا سکے۔

چوہدری نعیم اعجاز نے کہا ہے کہ متاثرہ شہریوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، اور حکومت پنجاب تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر عوام کی مدد کو یقینی بنائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں