راولاکوٹ (مجاہدآباد) – آزاد کشمیر کے علاقے راولاکوٹ سے تعلق رکھنے والے نوجوان سردار عفیف اشفاق نے ایمانداری کی شاندار مثال قائم کر دی۔ سردار عفیف اس وقت سعودی عرب میں تمیمی کمپنی میں محنت مزدوری کر رہے ہیں۔
گزشتہ روز دورانِ کام انہیں 35,000 سعودی ریال (تقریباً 26 لاکھ پاکستانی روپے) کی خطیر رقم ملی۔ سردار عفیف اشفاق نے بغیر کسی لالچ اور تاخیر کے یہ رقم اس کے اصل مالک کو واپس کر دی۔
ان کے اس عظیم اقدام پر نہ صرف ان کے ساتھی کارکنوں نے انہیں سراہا بلکہ کشمیری کمیونٹی اور تمام پاکستانیوں نے ان پر فخر کا اظہار کیا۔ ایمانداری کے اس غیرمعمولی مظاہرے نے ان کے والدین، خاندان اور پورے کشمیر کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ ایسے نوجوان کشمیر اور پاکستان کا اصل سرمایہ ہیں جو بیرون ملک ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔