دہشتگرد مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے،اعجاز الحق

کلرسیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے۔ قوم کا اتحاد دہشتگردوں کی کمر توڑے دے گا۔ اعجاز الحق۔ تفصیلات کے مطابق دیرینہ دوست و سابق ممبر ضلع کونسل چوہدری طارق کی عیادت کے لیئے مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق کلرسیداں یونین کونسل بشندوٹ کے گاؤں آراضی چوہدریاں داخلی بسنتہ تشریف لائے۔ اس موقعہ پر صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے کہا کہ حالیہ دہشتگردی کی لہر انتہائی تشویشناک ہے لیکن ملکی قیادت اس بحرانی کیفیت پر جلد مکمل قابو پا لے گی۔

قوم کا اتحاد اس وقت انتہائی ضروری ہے ہمیں اپنے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دہشتگردوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ قوم کا اتحاد دہشتگردوں کی کمر توڑنے میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔ یہ وقت اس بات کا متقاضی ہے کہ ہم اس جنگ میں فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔ اس موقعہ پر اعجاز الحق نے کہا کہ چوہدری طارق جیسے مخلص دوست اور بابصیرت سیاسی راہ نما کسی بھی شخص کے لیئے اک انتہائی قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔ اعجاز الحق نے کہاکہ جب وہ اس حلقہ میں پہلی بار انتخابی عمل میں حصہ لینے کے لیئے آئے تو اس دن سے آج تک چوہدری طارق نے ان کا ساتھ جس خلوص و محبت سے دیا وہ ناقابل بیان ہے۔ چوہدری طارق نے اس موقعہ پر معزز مہمان کی آمد اور ان کے ہاں کھانے تناول کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.