دولتالہ لٹریری سوسائٹی کے زیر اہتمام سن رائز اسلامک سکول میں ایک علمی و فکری نشست مکالمے کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت معروف ماہر تعلیم پرنسپل گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج دولتالہ جناب ڈاکٹر عدنان ملک نے فرمائی۔ مکالمے کے عنوان کا انتخاب ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی ایک نظم ”تخلیق” کے ایک مصرع ” جہاں تازہ کی افکارِ تازہ سے ہے نمود” سے کیا گیا۔ دیگر شرکا میں جناب حافظ عبدالحنان، جناب جاوید اقبال، جناب اعظم مہراز،جناب مصور حسین قریشی، جناب قاضی اسد اللہ طیب، جناب حسیب اللہ قاضی اور چوہدری حسن عالم گیر شامل تھے جبکہ اس مکالمے کی سرپرستی ادارے کے سربراہ جناب شکیل احمد نے فرمائی میزبان مکالمہ نے موضوع کا اعلان کیا تو صاحب صدر نے اپنی گفت گو سے اس نشست کا آغاز کیا
اور موضوع زیر بحث کو عین حقیقت قرار دیا اور قوم کے فکری جمود کے اسباب بیان کیے۔ مہمان خصوصی جناب حافظ عبد الحنان نے انسانوں اور جانوروں میں بنیادی فرق اس کی تخلیقی صلاحیتوں کو قرار دیا اور قرآن کریم میں غور و فکر اور تدبر کی آیات کا حوالہ دے کر اسے انسانی ترقی کا راز قرار دیا۔ جناب اعظم مہراز نے موضوع زیرِ بحث کی پرتیں کھولتے ہوئے اس کے تضادات کی بات کی اور جامعات کو فکری تربیت کا ذمہ دار قرار دیا۔ مصور حسین قریشی نے فکری ترقی کو فروغ دینے میں حائل رکاوٹوں کا ذکر کیا۔ حسیب اللہ قاضی نے تعلیمی اداروں سے زیادہ والدین کو بچوں کے فکری جمود کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
جناب شکیل احمد نے مسلمانوں کے فکری زوال کے اسباب نہ جاننے پر اربابِ فکر و نظر کو مورد الزام ٹھہرایا۔ جناب اسد اللہ قاضی نے اے۔ کے بروہی کے فکری سفر کو از اول تا آخر بیان کیا اور اس بات کا عندیہ دیا کہ انسان بچوں سے بھی بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔
جناب جاوید اقبال نے معاشرے میں فکری بے راہ روی کی وجہ تدبر کے فقدان کو قرار دیا اوپن ڈسکشن کے دو ران میزبان نے مختلف نکات پیش کیے جن پر شرکا نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ یہ نشست تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی جس میں مسلمانوں کے زوال کے اسباب، فکری تربیت میں اساتذہ، والدین اور افراد معاشرہ کا کردار، جامعات میں فکری ترقی کے اصول و ضوابط، قرآن مجید میں غور و فکر کی دعوت، مدرسہ و خانقاہی نظام کی اہمیت، سماجی میڈیا کے استعمال کے لیے حدود کا تعین، میڈیا کی اہمیت، فکری تربیت میں مصنوعی ذہانت کا کردار اور دیگر موضوعات پر سیر حاصل گفت گو ہوئی۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.