راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) راولپنڈی میں پہلی مرتبہ دریائے سواں اور نالہ لئی کے کناروں پر سیڈ بالز پھینک کر درخت اگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کے لئے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کے زیر نگرانی 50 ہزار سیڈ بالز تیاری کے مراحل میں ہیں اور مون سون تک ایک لاکھ سیڈ بالز پھینکنے جائیں گے۔یہ بات ڈائریکٹر پی ایچ اے راولپنڈی طارق محمود چوہدری نے ایک اجلاس میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ڈی جی پی ایچ اے ظہیر انور جپہ نے شہر میں زیادہ سے زیادہ درخت اگانے کیلئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ12ہزار کے قریب سیڈ بالز پھینکنے جا چکے ہیں اور اس میں پی ایچ اے کے سٹاف کے علاوہ رضاکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سیڈ بال میں دو سے تین مقامی درختوں کے بیج جن میں سکھ چین اور ارجن بھی شامل ہیں اگائے گے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے پی ایچ اے نے مری کے علاقوں میں سیڈ بالز کا تجربہ کیا ہے جو کہ کافی کامیاب رہا ہے اور امید ہے کہ راولپنڈی میں بھی اس کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تیاری کے مراحل میں زیادہ تر سیڈ بالز میں بیج پھوٹ چکے ہیں اور بہت زیادہ امید ہے کہ ان بیجوں کو دریائے سواں اور نالہ لئی کے کناروں پر سازگار ماحول ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ نالہ لئی اور دریائے سواں میں برساتی طغیانی کی صورت میں ان سیڈ بالز کو نقصان پہنچنے کا خطرہ موجود ہے۔مگر اس کے باوجود بھی اس تجربہ کی کامیابی کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔