50

ددوہوچھہ ڈیم کی تعمیر سے قبل ہی پانی جمع، بروالہ کی زمینیں زیر آب، متاثرین کا احتجاج

راولپنڈی (پنڈی پوسٹ نیوز) — راولپنڈی کے قریب زیر تعمیر ددہوچھہ ڈیم میں پانی جمع ہونا شروع ہوگیا ہے، جس کے باعث مقامی گاؤں بروالہ کی زرعی زمینیں زیر آب آگئی ہیں۔ متاثرہ دیہاتیوں نے حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے اور مؤقف اپنایا ہے کہ انہیں نہ تو کسی قسم کا سرکاری نوٹس موصول ہوا ہے اور نہ ہی تاحال ایک روپیہ بھی معاوضہ ادا کیا گیا ہے۔

بروالہ کے رہائشی بہرم کیانی نے پنڈی پوسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
“یہ سراسر ناانصافی ہے کہ حکومت نے ہمیں جگہ خالی کرنے کا کوئی باضابطہ حکم نہیں دیا، لیکن اس کے باوجود ہماری قیمتی زمینوں پر پانی چھوڑ دیا گیا ہے۔”

متاثرین کا کہنا ہے کہ عدالت عالیہ کی جانب سے حکومت کو متاثرہ افراد کو مکمل معاوضہ فراہم کرنے کا حکم دیا گیا تھا، لیکن حکومت نے عدالتی احکامات پر تاحال کوئی عملدرآمد نہیں کیا اور ڈیم کی تعمیر کا کام مسلسل تیزی سے جاری رکھا جا رہا ہے۔

مقامی افراد کا مزید کہنا ہے کہ زمینوں پر پانی چھوڑنے سے نہ صرف زرعی نقصانات ہوئے ہیں بلکہ انہیں رہائش، فصل اور روزگار کے حوالے سے بھی سنگین مشکلات کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ پنجاب حکومت راولپنڈی کے علاقے روات کے قریب نالہ لنگ پر ددہوچھہ ڈیم تعمیر کر رہی ہے، جس کا مقصد راولپنڈی اور اسلام آباد کو پانی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ اس منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، لیکن اس کے سماجی اثرات اور مقامی آبادی کو لاحق خطرات نظر انداز کیے جا رہے ہیں۔

متاثرین نے حکومتِ پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور عدالت عالیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر نوٹس لے کر متاثرہ افراد کو معاوضہ فراہم کریں اور آئندہ کسی بھی عملی اقدام سے قبل قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں