اسلام آباد(پنڈی پوسٹ ڈیجیٹل )حکومت نے موٹر سائیکل و رکشہ مالکان کو سستا پٹرول دینے کا منصوبہ موخر کر دیا، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان سبسڈی کے طریقہ کار اور مالی بوجھ کی تقسیم پر اتفاق نہ ہونے کے باعث مستحق صارفین کو سستا پٹرول فراہم کرنے کا منصوبہ موخر کرنے کی تصدیق کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو سبسڈی پر سستا پٹرول فراہم کرنے کا منصوبہ فی الحال روک دیا ۔
ذرائع کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان سبسڈی کے طریقہ کار اور مالی بوجھ کی تقسیم پر اتفاق نہ ہونے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔اس منصوبے کے تحت ایک خصوصی موبائل ایپلی کیشن تیار کی جا رہی تھی جس کے ذریعے مستحق صارفین کو سستا پٹرول فراہم کیا جانا تھا تاہم اختلافات کے باعث اس ایپلی کیشن پر کام بھی روک دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے منصوبے کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایپلی کیشن کے ذریعے فیول کی فراہمی اب حکومتی منصوبے کا حصہ نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ آئی ٹی جلد ہی عوام کو اس حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ کرے گی۔ شزہ فاطمہ نے مزید وضاحت کی کہ ملک میں فیول کی دستیابی کا کوئی بحران نہیں ہے، اصل چیلنج ادائیگیوں کے توازن کا ہے۔ دوسری جانب آئی ایم ایف نے پیٹرولیم مصنوعات اور سولر سسٹم پر 18 فیصد جی ایس ٹی لگانے کا مطالبہ کردیا جس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات اور سولر سسٹم مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ہے۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.