جہلم: ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی طوفانی بارش سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی صورتحال کی نگرانی، امدادی کارروائیاں تیز

جہلم (نمائندہ خصوصی)
ضلع جہلم میں طوفانی بارش کے باعث پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس فورس بھرپور انداز میں متحرک ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) طارق عزیز سندھو بارش سے متاثرہ علاقوں کا خود دورہ کر کے ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

طوفانی بارش کے نتیجے میں کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ اس تناظر میں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے موقع پر پہنچ کر نہ صرف متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا بلکہ ریسکیو ٹیموں کو فوری اقدامات کی ہدایات بھی جاری کیں۔

ڈی سی جہلم محمد میثم عباس نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا کہ ریلیف کیمپ اور میڈیکل ٹیمیں بھی متحرک کر دی گئی ہیں۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر کہا کہ پولیس فورس مکمل الرٹ ہے اور ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر سیلابی یا خطرناک علاقوں کی طرف نہ جائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوراً 15 یا 1122 پر اطلاع دیں۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں پانی کے نکاس، بجلی کی بحالی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کو ابتدائی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو ادارے عوام کی خدمت اور تحفظ کے لیے مسلسل میدانِ عمل میں موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں