جہلم: سیلابی ریلے میں تھانہ چوٹالہ کے ایس ایچ او سمیت پولیس عملہ پھنس گیا، پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری

جہلم (نمائندہ خصوصی)
ضلع جہلم میں سیلابی صورتحال کے باعث تھانہ چوٹالہ کے ایس ایچ او سمیت چھ پولیس اہلکار پانی میں پھنس گئے۔ پولیس عملہ اپنی جان بچانے کے لیے ایک ٹریکٹر ٹرالی میں سوار ہے اور کئی گھنٹوں سے شدید سیلابی ریلے میں محصور ہے۔

تفصیلات کے مطابق، پولیس اہلکار معمول کے فرائض کی انجام دہی کے دوران اچانک آنے والے تیز سیلابی پانی میں گھر گئے۔ تھانہ چوٹالہ کے اہلکار جان بچانے کے لیے فوری طور پر ایک ٹریکٹر ٹرالی پر سوار ہوگئے، جو اب سیلابی پانی میں گھری ہوئی ہے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے اہلکاروں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا، تاہم پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود اہلکاروں کو محفوظ مقام پر منتقل نہیں کیا جا سکا۔

صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر پاک فوج کی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور جدید ساز و سامان کی مدد سے پولیس اہلکاروں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیلابی علاقوں کا رخ ہرگز نہ کریں اور انتظامیہ کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔

ترجمان پولیس کے مطابق، اہلکاروں کی جان بچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں اور جلد ہی انہیں محفوظ مقام پر منتقل کر لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں