تھانہ مندرہ سکھو موڑ چوکی کے سامنے  قتل، علاقہ خوف و ہراس میں مبتلا


راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) — تھانہ مندرہ کی حدود میں واقع سکھو موڑ چوکی کے عین سامنے اندوہناک قتل کا واقعہ پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک مرد کو زخمی جبکی ایک خاتون کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے دونوں افراد کا تعلق چورا مرادی گاؤں سے تھا اور وہ آپس میں پڑوسی بھی تھے۔ افسوسناک واقعہ چوھدری اسرار متیال کے دفتر کے عین باہر رونما ہوا، جو سکھو موڑ چوکی سے چند قدم کے فاصلے پر ہے۔ فائرنگ کی آواز سنتے ہی علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنی دکانیں بند کرکے گھروں کو لوٹ گئے۔
پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ لگتا ہے، تاہم اصل محرکات کا تعین مزید تحقیقات کے بعد کیا جائے گا۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔