اسلام آباد (حماد چوہدری) اسلام آباد پولیس میں ایک اور اہم انتظامی تبدیلی سامنے آئی ہے، جس کے تحت تھانہ لوہی بھیر کے ایس ایچ او زاہد شاہ کو عہدے سے معطل کر دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ فواد خالد کو بطور نیا ایس ایچ او تعینات کیا گیا ہے، جنہوں نے باقاعدہ طور پر چارج سنبھال لیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایس ایچ او زاہد شاہ کی معطلی بعض انتظامی وجوہات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تھانے کی مجموعی کارکردگی میں بہتری لانے اور عوامی شکایات کے مؤثر ازالے کے لیے یہ فیصلہ ناگزیر تھا۔ایس ایچ او فواد خالد اس سے قبل تھانہ سبزی منڈی اسلام آباد میں بطور ایس ایچ او اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں، تاہم انتظامی بنیادوں پر وہاں سے انہیں معطل کیا گیا تھا۔ اب انہیں دوبارہ ذمہ داریاں سونپتے ہوئے تھانہ لوہی بھیر میں تعینات کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد خالد ایک پیشہ ور، متحرک اور نظم و ضبط کے پابند افسر سمجھے جاتے ہیں، جنہیں جرائم کے خاتمے اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان کی تعیناتی سے تھانے کی کارکردگی میں بہتری کی امید کی جا رہی ہے۔
