تھانہ روات کی حدود میں ڈاکوؤں نے انت مچادی،شہری لاکھوں سے محروم

تھانہ روات کی حدود میں سرقہ بالجبر کی وارداتوں کا تسلسل جاری،لوسر موڑ تہذیب بیکری سے تین ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر 80 ہزار روپے نقدی لوٹنے سمیت سترہ میل کے قریب شہری سے دس ہزار روپے نقدی و موبائل فون چھین لیا۔تھانہ روات کو رمیض ایاز نے بتایا کہ لوسر موڑ تہذیب بیکری میں جمعہ کی رات تین مسلح ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر میرے کزن عبداللہ زیب سے کیش 80 ہزار روپے چھین کر 70 مؤٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔دوسری واردات میں عمر مسعود سکنہ ملہ تحصیل راولپنڈی کو نزد پی ایس او پمپ سترہ میل کے قریب ہنڈا مؤٹر سائیکل سوار دو ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر روک لیا اور دس ہزار روپے نقدی سمیت موبائل فون مالیتی تیس ہزار روپے چھین کر بجانب روات فرار ہوگئے۔ادھر عاصم سکنہ چھنی شیر عالم روات کے زیر تعمیر مکان سے سینٹری اور بجلی کا سامان مالیتی دو لاکھ روپے چوری کرلیا گیا۔تھانہ روات پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کرلیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں