اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ)احساس تعلیمی وظائف پروگرام کے تحت معاشرے کے غریب اور نادار گھرانوں کے بچوں کو پرائمری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری تعلیم کے لیے وظائف دیے جائیں گے۔اس حوالے سے جاری بیان کے مطابق یہ پروگرام ملک بھر کے تمام اضلاع میں شروع کیا جائے گا، پروگرام کو احساس وظائف پالیسی کے تحت مرتب کیا گیا ہے جس میں لڑکوں کی نسبت لڑکیوں کے لیے زیادہ وظیفہ مختص کیا جائے گا۔احساس تعلیمی وظائف پروگرام کے تحت پرائمری اسکول کے لڑکوں کے لیے 15سو روپے جبکہ لڑکیوں کے لیے 2 ہزار روپے وظیفہ سہ ماہی بنیادوں پر دیا جائے گا۔سیکنڈری اسکول کے لڑکوں کو 2500 روپے اور لڑکیوں کو 3 ہزار جبکہ ہائیر سیکنڈری سطح کے لڑکوں کو ساڑھے 3 ہزار اور لڑکیوں کو 4 ہزار سہ ماہی وظیفہ ملے گا۔یہ وظائف ان بچوں کی ماؤں کو بائیو میٹرک کے ذریعے دیے جائیں گے جن کی اسکول میں حاضری 70 فیصد ہو گی۔
291