تحصیل گوجرخان کی یونین کونسل تھاتھی بہگام میں موجود قدرتی جنگلات، جو ماضی میں علاقہ کا سب سے بڑا جنگل سمجھے جاتے تھے، آج کل شدید خطرے سے دوچار ہیں۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ چند سالوں سے درختوں کی بےرحمانہ کٹائی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق سرکاری اراضی کو ذاتی ملکیت ظاہر کر کے مقامی و غیر مقامی افراد جنگلات کی کٹائی میں مصروف ہیں، جب کہ متعلقہ محکمہ یعنی محکمہ جنگلات مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ بعض حلقوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ محکمہ جنگلات کے چند عناصر خود بھی اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہیں، جو اس عمل کو مزید تقویت دے رہا ہے۔علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس غیر قانونی عمل کو روکا جائے۔ جنگلات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، جس میں مستقل چیک پوسٹ کا قیام اور ایماندار عملے کی تعیناتی شامل ہو۔ بصورت دیگر نہ صرف ماحولیاتی توازن بگڑنے کا خدشہ ہے بلکہ مقامی جنگلی حیات اور قدرتی حسن بھی ناقابلِ تلافی نقصان کا شکار ہو سکتا ہے۔
