200

بے اختیار ہو کر دفتر نہیں بیٹھ سکتے،بلدیہ ارکان کلرسیداں

میونسپل کمیٹی کلرسیداں کا غیر رسمی مشاورتی اجلاس گزشتہ شب چیئرمین بلدیہ شیخ عبدالقدوس کی رہائشگاہ پر منعقد ہوا جس کی صدارت چوہدری ضیارب منہاس نے کی۔ اجلاس میں 21 جنرل کونسلرز میں سے 18 کونسلروں نے شرکت کی جن میں شیخ حسن ریاض،چوہدری مشتاق حسین،چوہدری محمد حنیف،صوبیدار ظفراقبال،حاجی اخلاق حسین،جنید بھٹی،ٹھیکیدار لطیف بھٹی،راجہ ظفر محمود،راجہ طارق محمود،پرویز اختر منہاس،آصف منہاس،ملک زبیر احمد،عابد زاھدی،عاطف اعجاز بٹ،حاجی محمد اسحاق،صوفی ضابر حسین نے شرکت کی۔ چیئرمین بلدیہ شیخ عبدالقدوس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیات کو زیادہ بااختیار بنانے کی دعویدار حکومت نے منتخب اداروں پر شب خون مارا دیگر صوبوں میں بلدیات کو پورا وقت ملا مگر پنجاب کے بلدیاتی اداروں کے مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا گیا اور انہیں غیرآئینی طور پر ختم کیا گیا جو فیصلہ عدالت میں دنوں میں ہونا تھا وہ سال بعد ہوا۔ پی ٹی آئی کی حکومت بلدیاتی اداروں کو چلنے دیتی ہے نہ نئے انتخابات کرواتی ہے یہ آج تک کسی ایک بلدیاتی ڈھانچے پر خود متفق نہ ہوسکی۔پی ایم ایل این نے بھی پنجاب میں ہماری کوئی مدد نہ کی پی ٹی آئی نے سرعام توہین عدالت کی اجلاس میں باہمی مشاورت سے طے کیا گیا کہ بے اختیار ہو کر بلدیہ دفتر بیٹھنے کا کوئی مقصد نہیں ہم چوبیس جون تک عدالتی فیصلے کا انتظار کریں گے اختیارات اور توقیرکے بغیر بلدیہ دفتر نہیں بیٹھیں گے اجلاس میں بلدیاتی ارکان نے اپنی مشاورت مکمل کی اور طے کیا گیا کہ مکمل اختیار کے بغیر بلدیہ دفتر نہیں بیٹھا جائے گا۔بیشتر ارکان کا شکوہ تھا کہ مسلم لیگ کے امیدواران اسمبلی سابق ارکان اسمبلی اور تنظیموں نے بلدیات پر کوئی توجہ ہی نہ دی۔عابد زاھدی نے کہا کہ دوست بتائیں کہ مسلم لیگ ن کی بلدیاتی اداروں بارے انہیں کیا گائیڈ لائن دی گئی ہے ہم دو ارکان بلدیہ نے گزشتہ انتخابات میں آزاد امیدوار راجہ صغیر احمد کی اعلانیہ حمایت کی ہم روزانہ بلدیہ دفتر جاتے ہیں اگر آپ بلدیہ دفتر اجلاس کرنا چاہیں تو ہم آپ کے سہولت کار بنیں گے وہاں آپ کی راہ میں اجلاس کی حد تک کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گا۔ملک زبیر احمد نے کہا کہ ہم پارٹی سے عزت چاہتے ہیں مگر یہ ملتی نہیں ہمیں راجہ صغیر احمد جیسا لیڈر چاہیئے۔جنید بھٹی نے شکوہ کیا کہ مسلم لیگی امیدواران 2018 کے انتخابات کے بعد کارکنان کا شکریہ تک ادا کرنے حلقے میں نہیں آئے ان کا اپنی جماعت کے کارکنان سے بھی رابطہ نہیں ہے۔ایک اور رکن کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت کے ساتھ ساتھ بلدیات کو بھی عزت دینی چاہیئے بعد ازاں چیئرمین شیخ عبدالقدوس نے ارکان بلدیہ کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں