راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ حکومت پنجاب بیوہ کارڈ اور راشن کارڈ لانچ کرنے جا رہی ہے۔اس کیلئے 23 اپریل 2025 سے (پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری) سروے دوبارہ شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ٹیمیں مرحلہ وار پورے پنجاب کا دورہ کریں گی۔ جس علاقہ کا سروے ہو گا، اہلیان علاقہ کو پیشگی اطلاع کی جائے گی۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ حکومت پنجاب کے اس سروے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے ٹیمز کے ساتھ تعاون کریں تاکہ عوامی فلاح کے اس پروگرام کے ثمرات تمام مستحق حقداروں تک پہنچائے جاسکے۔
کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ اس اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن سید نذارت علی، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شاہد رانا و دیگر متعلقہ سرکاری محکموں کے سربراہان کے علاوہ ڈپٹی کمشنر اٹک، جہلم، چکوال اور مری نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
انجینئر عامر خٹک نے مزید کہا کہ اہل شہری حکومت پنجاب کے جاری فلاحی پروگراموں میں اہلیت کیلئے میں اپنا اندراج یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ سروے میں اندراج کیلئے تمام اہل خانہ کے اصل شناختی کارڈ اور بچوں کا ب فارم اپنی دسترس میں رکھیں اور بیوہ خواتین اپنے شوہر کا ڈیتھ سرٹفکیٹ بنوا کر رکھیں۔ اسکے علاوہ مزید معلومات اور راہنمائی کے لئے ہیلپ لائن 0800-02345 پر کال کریں۔ کمشنر راولپنڈی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سروے کے دوران درست ریکارڈ کا اندراج یقینی بنایا جائے تاکہ حقداروں تک ان کا حق پہنچایا جاسکے۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.