254

بین الاقوامی سماجی شخصیت قمر زمان مہناس

درد دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو
ورنہ طاعت کے لیے کچھ کم نہ تھے کروبیاں
تحصیل کلر سیداں نے جہاں بہت سی علمی،ادبی،سیاسی،سماجی شخصیات کو متعارف کروایا وہاں کلر سیداں کی یونین کونسل منیاندہ کی سماجی شخصیت قمر زمان منہاس بھی یقینا کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ نہ صرف پاکستان بلکہ ہانگ کانگ کی نامور شخصیت میں ان کا شمار کیا جاتاہے۔آپ یکم دسمبر 1970کو یونین کونسل منیاندہ کے گاؤں (باباکاشو)میں پیدا ہوئے۔آ پ کے والد ایک غریب اور جفاکش انسان تھے۔قمر زمان منہاس صاحب بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں۔ والد گرامی نے غربت کے باوجود ایسی پرورش کی کہ اولاد والدین کی معرفت بن گئے۔آپ نے غربت کے باوجود حالات کی سنگینیو ں کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے انسانیت کے جذبے سے سرشار اپنے مشن پر نکل پڑتے ہیں۔خدمت خلق کو اپنا زادراہ بناتے ہوئے تقدس انسانیت کو اپنا شیوہ بناتے ہیں،کسی بھی تفریق سے بالا تر ہو کر خدمت خلق کو اپنا مشن تصور کرتے ہیں۔اور فلاح انسانیت کے لیے مختلف ممالک میں اپنی خدمات سر انجام دیتے ہیں۔انٹر نیشنل اسلامک سوسائٹی ہانگ کانگ کے سر پرست اعلیٰ مقرر ہوتے ہیں۔کم عمری میں ہی فلاحی کاموں میں رحجان رکھتے تھے۔ہر سال کروڑوں روپے عالم اسلام کے مختلف ممالک میں ویلفیر،تعلیم اور صحت پر خرچ کرتے ہیں۔8اکتوبر2005کے زلزلہ میں اپنی ویلفیر سوسائٹی کے ذریعے45 کے قریب ایمبولینس حکومت پاکستان کو عطیہ کی۔2010کے سیلاب میں 10لاکھ ڈالر حکومت پاکستان کو عطیہ کیا۔برما کے مسلمانوں پر ظلم وستم کی انتہا جاری تھی۔مشکل کی اس گھڑی میں دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے خود ایک وفد لے کربنگلہ دیش اور برما پہنچے۔وہاں نہ صرف راشن پہنچایا بلکہ وہاں جید علماء کی موجودگی میں ایسی درس گاہیں قائم کی کہ جن میں بیک وقت دینی و دنیاوی تعلیم دی جارہی ہے۔اور یہ سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔غریب اور مستحق بچوں کی مالی معاونت کے لیے مشہور ادارے بیت المال کو ہر سال لاکھوں روپے کا عطیہ کیا جاتا ہے۔آپ کی علاقائی خدمات کا ذکر کیا جائے تو بے شمار ایسے مدارس ہیں جو آپ کے مالی تعاون سے چل رہے ہیں۔دارالعلوم محی اسلام صدیقیہ پنڈورہ ہردو کا گرلز کیمپس جس کا تخمینہ تقریباً ایک کروڑ روپے تھا آپ کے تعاون کی بدولت ممکن ہوا۔اس کے علاوہ ایک عدد ایمبولینس ادارے کی عطیہ کی گئی۔ہر سال کئی حجاج کرام کو اللہ کے گھر کی زیارت سے مستفید کیا جاتا ہے۔ فراہمی آب کے بے شمار پروجیکٹ آپ کے تعاون کی بدولت ممکن ہوئے۔غریب کی مالی معاونت ہو یا ویلفیر کا کوئی پروجیکٹ ہر حال میں آپ کا تعاون شامل حال ہوتاہے۔صرف علاقہ سر صوبہ شاہ کے کم و بیش 30سے زاید خاندانوں کو ماہانہ ایک لاکھ روپے کا سودا سلف دیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ سر صوبہ شاہ میں ایک کمیٹی کو سالانہ دس لاکھ روپے فنڈ ا غریب سٹوڈنٹس اور غریب خاندانوں کی مالی معاونت کے لیے دیا جاتاہے۔آپ سماجی شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ ہانگ کانگ کے مشہور بزنس مین بھی ہیں علاقے کے کئی لوگ اس کاروبار کی بدولت آپ کے ساتھ منسلک ہیں۔جو نہ صرف پاکستان میں بلکہ بر طانیہ، سپین اور ہانگ کانگ میں آپ کے زیر سایہ بہترین روز گار کما رہے ہیں۔جب بھی ملک پاکستان پر کوئی ناگہانی آفت آئی آپ نے نہ صرف مالی تعاون فراہم کیا بلکہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔شاید یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی بے شماراعلیٰ شخصیات نے آپ کی خصوصی دعوت پر آپ کے ہا ں ہانگ کانگ کا دورہ کیا۔اس کے علاوہ چئیر مین بیت المال زمردخان،قاری سید صداقت اور مولانا طارق جمیل کے علاوہ سیاسی وسماجی شخصیات آپ کی اکثر مہمان رہتی ہیں۔اس قدر مصروفیت کے باوجودہر سال خصوصی ٹائم نکال کر اپنے آبائی گاؤ ں آتے ہیں اور اپنے عزیزو اقارب کو وقت دیتے ہیں۔آپ کا شمار تحصیل کلر سیداں کی نہ صرف مشہور بلکہ با اثر شخصیات میں ہوتا ہے۔آج بھی نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام میں بے شمار ایسے پروجیکٹ ہیں جو آپ کے زیر سرپرستی چل رہے ہیں۔نہ صرف پاکستان بلکہ عا لمی سطح پر آپ کی خدمات کو سراہا جاتا ہے جس کا ثبوت حال ہی میں ہانگ کانگ حکومت کی طرف سے خصوصی ایوارڈ سے نوازگیا۔آپ کی کاوشوں کو اہل علاقہ نہ صرف قدر کی نگاہوں سے دیکھتا ہے بلکہ ہمہ وقت دعا گو رہتاہے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں