راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے پوری دنیا کی طرح پاکستان بھی کورونا کی چوتھی لہر کا شکار ہے اور کورونا سے بچاؤ کا واحد طریقہ ویکسینیشن ہے کیونکہ چوتھی لہر میں کویڈ وائرس کا شکار ہونیوالے 88 فیصدمریض وہ ہیں جنہوں نے کورونا ویکسین نہیں کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت لاہور کورونا کا سب سے زیادہ شکار ہے جہاں مثبت کیسز کی شرح 11.7 فیصد ہے،فیصل آباد اور ملتان میں بھی کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.1فیصد ہے اور گوجرانوالہ میں یہ شرح آٹھ فیصد ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر عمر، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرآصف طفیل اور محکمہ صحت کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ راولپنڈی میں 44 فیصد آبادی کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جا چکی ہے جو کہ راولپنڈی کے محکمہ صحت کیلئے اعزاز ہے اور بینظیر بھٹو ہسپتال میں ایک دس بیڈ کا کورونا ایمرجنسی وارڈ کا بھی افتتاح کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی کیلئے پنجاب کیلئے دسمبر تک 70 فیصد آبادی کو کورونا کی ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے حصول کی خاطرہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں مائیکرو پلان بھی شامل ہے جس کے تحت گھروں میں جاکر لوگوں کو ویکسین لگانے کیلئے قائل کیا جاتا ہے اور مائیکرو پلان کے تحت پنجاب کے دو لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی کو جون 2022 تک مکمل طور پر فعال کر دیا جائیگا کیونکہ یہ ہسپتال علاقہ کی ضرورت ہے اور اس کا جلد فعال ہونا راولپنڈی اور پورے خطہ کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر آئی یو کیلئے 450 ملین روپے کی مشینری خریدی جا چکی ہے جن میں 30 ڈائیلیسز مشینیں اور ایک لتھو ٹرپسی مشین بھی شامل ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ لاہور میں کورونا کے مریضوں کا دباؤ بڑھ رہاہے، صوبائی دارالحکومت میں 731 کورونا کے مریض داخل ہیں جن میں سے 531 سرکاری علاج گاہوں میں ہیں، 72 فیصد وینٹیلیٹر بیڈز پر مریض زیرعلاج ہیں۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا سے متاثر مریض ایمرجنسی کی صورت میں 1122 پر رابطہ کریں اور ریسکیو 1122 کی ایمبولینس میو ہسپتال میں قائم کنٹرول ٹاور کیلئے درست رہنمائی کرتے ہوئے ہسپتال میں پہنچایا جائیگا کیونکہ مریضوں کو اندازہ نہیں ہے کہ کس ہسپتال میں مریضوں کی کیا صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری علاج گاہوں میں کورونا کی ادویات بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں اور ہر ہسپتال کو اس کے کورونا مریضوں کی ضرورت کے مطابق بجٹ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر آئی یو میں کورونا سے متاثرہ تین ہزار آٹھ سو مریضوں کا علاج ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کے عملہ اور افسران کو پابند کیا گیا ہے کہ 31 اگست تک ویکسین لگائیں۔قبل ازیں انہوں نے بینظیر بھٹو ہسپتال میں دس بستروں پر مشتمل کورونا ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کیا اور موجود سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے آر آئی یو میں ایک اجلاس کی بھی صدارت کی جس میں راولپنڈی کے الائیڈ ہسپتالوں میں صحت عامہ کے منصوبوں کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ انستتھزیا اور ریڈ یالوجی کے ڈپلومہ کورسز جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔
278