راولپنڈی (پنڈی پوسٹ نیوز) — تھانہ کہوٹہ کی حدود میں واقع بھون نلہ میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گاؤں نلہ کے رہائشی بزرگ محمد ایوب اچانک پھسل کر پلی سے نیچے جا گرے اور تیز پانی کے ریلے میں بہہ گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ کہوٹہ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور بزرگ کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ علاقے کے مقامی افراد بھی ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مل کر بزرگ کی تلاش میں شریک ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق محمد ایوب نلہ کے قریب معمول کے مطابق جا رہے تھے کہ اچانک پاؤں پھسلنے کے باعث وہ توازن برقرار نہ رکھ سکے اور گرتے ہی پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئے۔
پولیس کے مطابق ریسکیو ٹیمیں مسلسل کوشش کر رہی ہیں اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد ہی بزرگ کو تلاش کر لیا جائے گا۔ واقعے کی خبر علاقے میں پھیلتے ہی سوگ کی فضا قائم ہو گئی اور اہلِ علاقہ بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے۔ بعدازاں اسسنٹ کمشنر کلرسیداں بھی موقع پر پہنچی اور ریسکیو کاروائی کی نگرانی کی